اسلام آباد/برسلز۔23مارچ (اے پی پی):یوم پاکستان 23 مارچ 2025 کو بھر پور ملی جزبہ، جوش و خروش سے منانے کے لیے برسلز کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ برسلز سے اتوار کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے شرکت کی اور اپنے پیارے وطن کے ساتھ اپنے مضبوط رشتے اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کا اہتمام پاکستان اوورسیز فورم بیلجیئم کے چیئرمین راجہ محمد خالد اور کمیونٹی کے مشترکہ تعاون سے وی آر پاکستان فورم کے محرک فرید خان نے کیا تھا۔ تقریب کے شرکا نے 23 مارچ 1940 کی تاریخی قرارداد لاہور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس نے قیام پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے قائدین اور عوام کی قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر جنہوں نے علیحدہ وطن کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔
پاکستان کے استحکام میں مسلح افواج کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے تقریب کے شرکا نے قوم کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے میں افواج پاکستان کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔ کمیونٹی لیڈر سردار صدیق نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں قومی خودمختاری کے تحفظ اور اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے میں پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
تقریب کے انعقاد سے بیلجیئم میں مقیم پاکستانیوں کا اپنے وطن سے اظہار یکجہتی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ شرکاء نے پاکستان کی خوشحالی اور سمندر پار پاکستانیوں کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کا اختتام امن، ترقی اور حب الوطنی کے نظریات کو برقرار رکھنے کے تجدید عہد کے ساتھ ہوا، جس سے پاکستان کو چیلنجز کے مقابلے میں مضبوط اور مزید لچکدار بنایا جائے گا۔