بیلجیئم میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم آزادی کی پر وقار تقریب کا انعقاد، سفیر آمنہ بلوچ نے چانسری کی عمارت میں قومی پرچم لہرایا

295

برسلز۔14اگست (اے پی پی):ملک کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ میں ایک پروقار تقریب ہوئی اور پاکستان کا یوم آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے چانسری کی عمارت میں قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں یوم آزادی کے موقع پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستانی سفارتخانہ سے پیر کو یہاں موصولہ بیان کے مطابق پاکستانی قیادت نے اپنے الگ الگ پیغامات میں پاکستان کے بانیوں کی قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے انتھک کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر اپنے پیغام میں سفیر آمنہ بلوچ نے قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے وژن کی اہمیت پر زور دیا جنہوں نے پاکستان کو ایک پرامن اور خوشحال ملک بنانے کا تصورپیش کیا۔ سفارتخانے نے پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر شاندار مینگو فیسٹیول کا بھی اہتمام کیا جس کا افتتاح سفیرآمنہ بلوچ نے کیا۔ میلے میں ملک کی قیمتی برآمدات ، خوش ذائقہ رسیلے آم کی نمائش کی گئی۔ شرکا پاکستانی آموں کی اقسام سے لطف اندوز ہوئے ۔

مینگو فیسٹیول میں نہ صرف ملک کی آزادی کا جشن منایا بلکہ اس پیارے پھل کی زرعی صلاحیت اور ثقافتی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ سفارتخانے کی جانب سے مختلف قسم کی دلچسپ سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں، جن میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، تاریخ اور سیاحت کی صلاحیت کے بارے میں فوٹو گرافی کی نمائش اور پاکستان کے یوم آزادی کے موضوع پر پوسٹر، پینٹنگ کے مقابلہ بھی شامل تھے۔

پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے پوسٹر وپینٹنگ مقابلے میں حصہ لینے والوں میں اسناد تقسیم کیں ۔ بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے نے یوم آزادی کی تقریب اور دیگر سرگرمیوںمیں بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے بعد شرکا ء کی روایتی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی۔