میڈرڈ۔4جولائی (اے پی پی):بیلجیئم کے سائیکل سوار جیسپر فلپسن نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا تیسرا مرحلہ جیت لیا۔ سپین سے ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کے 110 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوچکا ہے، جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے تیسرے مرحلے میں سائیکل سواروں نےسپین میں ایموریبیاتا اٹیکسانو سے بیون تک کا 193.5 کلو میٹر فاصلہ طے کرنا تھا۔25 سالہ بیلجیئم کے جیسپر فلپسن نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمنی کے فل باہاؤس کو شکست دیتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
جیسپر فلپسن نے تیسرے مرحلے کا 193.5 کلومیٹر پر مشتمل مطلوبہ فاصلہ 4 گھنٹے 43منٹ اور 15 سیکنڈز میں طے کرکے اپنے نام کیا۔ جرمن سائیکلسٹ فل باہاؤس نے دوسری جبکہ آسٹریلین سائیکلسٹ کالیب ایون نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ برطانوی سائیکلسٹ ایڈم رچرڈ یٹس کا یلو جرسی پر قبضہ برقرار ہے ۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہوگی جس میں سائیکل سوار 3406کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ۔
ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں ہیں ۔ 24 روزہ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس23 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں ٹیم جمبو ویزما کے ڈینش سائیکل سوار جوناس ونجیگارڈ راسموسن اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہیں ۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پہلا ایڈیشن پہلی مرتبہ 1903میں ہوا ،جو فرانسیسی سائیکل سوار مورس فرانسس گارین نے جیتا تھا۔