بیلجیئم کے سائیکلسٹ جیسپر فلپسن نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ بھی اپنے نام کرلیا

135

میڈرڈ۔5جولائی (اے پی پی):بیلجیئم کے سائیکل سوار جیسپر فلپسن نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ بھی جیت لیا۔ جیسپر فلپسن کی یہ مسلسل دوسرے رائونڈ میں فتح ہے۔ سپین سے ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کے 110 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوچکا ہے، جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے چوتھے مرحلے میں سائیکل سواروں نے فرانس میں ڈیکس سے نوگاروتک کا 182 کلو میٹر فاصلہ طے کرنا تھا۔25 سالہ بیلجیئم کے جیسپر فلپسن نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلین سائیکلسٹ کالیب ایون کو شکست دیتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

جیسپر فلپسن نے چوتھے مرحلے کا 182 کلومیٹر پر مشتمل مطلوبہ فاصلہ 4 گھنٹے 25منٹ اور 28 سیکنڈز میں طے کرکے اپنے نام کیا۔ آسٹریلین سائیکلسٹ کالیب ایون نے دوسری جبکہ جرمن سائیکل سوار فل باہائوس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ برطانوی سائیکلسٹ ایڈم رچرڈ یٹس کا یلو جرسی پر قبضہ برقرار ہے ۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہوگی جس میں سائیکل سوار 3406کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ۔ 24 روزہ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس23 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں ٹیم جمبو ویزما کے ڈینش سائیکل سوار جوناس ونجیگارڈ راسموسن اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہیں ۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پہلا ایڈیشن1903میں ہوا ،جو فرانسیسی سائیکل سوار مورس فرانسس گارین نے جیتا تھا۔