روم۔19مئی (اے پی پی):بیلجیئم کے سائیکلسٹ واؤٹ وین ایرٹ نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا نواں مرحلہ جیت لیا۔ 30 سالہ واؤٹ وین ایرٹ کی یہ گیروڈی اٹالیہ ریس میں پہلی سٹیج فتح ہے۔ البانیہ سے گیرو ڈی اٹالیہ کا 108 واں ایڈیشن شروع ہوچکا ہے جس میں سائیکلنگ کی دنیا کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔
گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے نویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے گوبیو سے سیانا تک کا فاصلہ طے کرنا تھا جو پہاڑی راستے پر 181 کلو میٹر پر محیط تھا۔30 سالہ بیلجیئم کے سائیکلسٹ واؤٹ وین ایرٹ نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 181کلومیٹر کا فاصلہ 4گھنٹے 15 منٹ اور 8 سیکنڈز میں طے کرکے نویں مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
21 سالہ میکسیکن سائیکل سوار اسحاق ڈیل ٹورونے دوسری جبکہ میزبان اٹلی کے سائیکل سوار جیولیو سیکون نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ریس میں ڈنمارک کے سائیکلسٹ میڈس پیڈرسن کا پنک جرسی پر قبضہ برقرار ہے ۔گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو تین ہفتوں میں مکمل ہوگی جس میں دنیا کے نامور سائیکلسٹس شریک ہیں۔
گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3443.3 کلو میٹر کا سفر طے کرینگے۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس میں 23 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 23 روز جاری رہنے کے بعد یکم جون کو اختتام پذیر ہوگی۔