بیلجیم کےسائیکلسٹ جیسپر فلپسن نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا گیارہواں مرحلہ اپنے نام کرلیا

108
National Road Cycling
National Road Cycling

پیرس۔13جولائی (اے پی پی): بیلجیم کے سائیکل سوار جیسپر فلپسن نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا گیارہواں مرحلہ جیت لیا۔ ریس میں جیسپر فلپسن کی یہ چوتھی فتح ہے۔ سپین سے ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کا 110 واں ایڈیشن جاری ہے ، جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے گیارہوں مرحلے میں سائیکل سواروں نے فرانس میں کلرمونٹ فیرینڈ سے مولینز تک 180 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا تھاجو سیدھا تھا۔ 25سالہ بیلجیم کے جیسپر فلپسن نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کے سائیکلسٹ ڈیلن گرونیویگن کو شکست دیتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔بیلجیم کے جیسپر فلپسن نے گیارہویں مرحلے کا 180 کلومیٹر پر مشتمل مطلوبہ فاصلہ 4 گھنٹے 1منٹ اور 7 سیکنڈز میں طے کرکے اپنے نام کیا۔

نیدرلینڈز کے سائیکلسٹ ڈیلن گرونیویگن نے دوسری جبکہ 33 سالہ ہسپانوی سائیکلسٹ پیلو بلبائو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔چھٹے مرحلے سے ڈینش سائیکلسٹ جوناس ونجیگارڈ کا یلو جرسی پر قبضہ برقرار ہے۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہوگی جس میں سائیکل سوار 3406کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ۔ 24 روزہ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس23 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی،جس میں ٹیم جمبو ویزما کے ڈینش سائیکل سوار جوناس ونجیگارڈ راسموسن اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہیں ۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پہلا ایڈیشن1903میں ہوا ،جو فرانسیسی سائیکل سوار مورس فرانسس گارین نے جیتا تھا۔