بیلٹ اینڈ روڈ اینیشیٹو عالمی رابطہ کاری کا اہم منصوبہ ہے ،سی پیک اس میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،مراد سعید

95

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ اینیشیٹو عالمی رابطہ کاری کا اہم منصوبہ ہے اور سی پیک اس میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو پاکستان کیلئے تقدیر بدل دینے والا منصوبہ ہے۔ سی پیک کے ذریعے گوادر اور اس کے گردونواح کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔ گزشتہ روزایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات نے کہاکہ ہکلہ،ڈی آئی خان موٹروے منصوبہ گزشتہ دور میں شروع ہوا تاہم اس کا 90 فیصد کام ہم نے مکمل کیا ہے جو اسی سال مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے مغربی روٹ میں پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ دیر، سوات اور ڈی آئی خان اور پھر گوادر میں بھی منصوبوں کا بھی آغاز ہو جائے گا جس سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملےگا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ چترال گلگت بلتستان کو بھی آئندہ پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے جا رہے ہیں جس سے مغربی روٹ مکمل ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مغربی روٹ کے علاوہ حیدرآباد۔سکھر موٹروے کا بھی اگلے تین ماہ میں آغاز کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی زونز پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جسکے ذریعے نہ صرف مقامی منڈیوں تک رسائی آسان ہوگی بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔