لاہور۔9جولائی (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) پنجاب نے سال 2025 کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام میں 238,673 بچوں کا اندراج مکمل کر کے مقررہ ہدف 240,000 ، کا 99 فیصد حاصل کر لیا ہے۔ ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق بی آئی ایس پی، حکومت پاکستان کا ایک اہم سماجی تحفظ کا پروگرام ہے، جو غربت کے خاتمے اور پسماندہ خاندانوں کی مالی معاونت کے لیے وقف ہے۔ اس کا ایک اہم جزو بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام ہے،
اس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ مستحق خاندانوں کے بچوں کو سکول میں کم از کم 70 فیصد حاضری برقرار رکھنے پر تعلیمی وظائف فراہم کیے جاتے ہیں جس میں لڑکوں کو پرائمری سطح پر 2,000 روپے، سیکنڈری سطح پر 3,000 روپے، اور اعلی ثانوی سطح پر 4,000 روپے دیے جاتے ہیں جبکہ لڑکیوں کے لیے یہی وظائف بالترتیب 2,500، 3,500 اور 4,500 روپے مقرر ہیں جبکہ پرائمری تعلیم مکمل کرنے والی لڑکیوں کو 3,000 روپے کا گریجویشن بونس بھی دیا جاتا ہے تاکہ بچیوں کو تعلیم کی جانب مزید راغب کیا جا سکے۔
رواں سہ ماہی کے دوران پنجاب بھر میں پرائمری سطح پر 196,648، سیکنڈری سطح پر 38,386 اور ہائیر سیکنڈری سطح پر 3,639 بچوں کا اندراج کیا گیا۔ یہ اعداد و شمار بی آئی ایس پی کی فیلڈ ٹیموں اور محکمہ تعلیم پنجاب کی مربوط کاوشوں کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے بی آئی ایس پی بینیفشریز کو متحرک کیا اور زیادہ سے زیادہ مستحق بچوں کی تعلیم تک رسائی کو ممکن بنایا۔
ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی پنجاب، محمد ناصر خلیلی کا کہنا تھا کہ ادارہ اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ وہ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے دائرہ کار میں مزید وسعت اور موثر نگرانی کے ذریعے مستحق خاندانوں کے بچوں کی تعلیم تک رسائی کو یقینی بناتے ہوئے قوم کے کمزور طبقات کی ترقی اور ان کو خود مختار بنانے میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔