بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت نادار اور مستحق خواتین کی رجسٹریشن اور حکومت کی جانب سے مالی امدادی رقم کی تقسیم کا جائزہ

648
BISP

شیخوپورہ۔ 10 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر ضلعی افسران کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت نادار اور مستحق خواتین کی رجسٹریشن اور حکومت کی جانب سے مالی امدادی رقم کی تقسیم کا جائزہ لینے کے لیے ضلع بھر میں قائم کیے گئے BISP سنٹرز کے اچانک دورے جاری ، ضلعی افسران نے بینظیر انکم سپورٹ سنٹرز میں بیٹھنے کے لیے سایہ دار جگہ ، پینے کے صاف پانی ، سیکورٹی سمیت سول ڈیفنس ، ریسکیو1122، محکمہ صحت و دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے مہیا کی جانیوالی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور سنٹرز پر آئی ہوئی خواتین سائلین سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سے متعلق دریافت کیا اور خواتین سائلین کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت قائم کیے گئے سنٹرز میں فراہم کی جانیوالی سہولیات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ BISP کی انتظامیہ کے ساتھ مل کے مستحق خواتین کی رجسٹریشن اور مالی امداد کو مستحقین میں احسن انداز میں تقسیم کرنے کو یقینی بنا رہی ہے۔

مالی امداد کی رقم غریب اور مستحق افراد کی امانت ہے ، غفلت اور لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ضلع بھر میں قائم کیے گئے سنٹرز میں مستحق خواتین میں مالی امداد کی رقم کی تقسیم کا عمل شفاف انداز میں جاری ہے ، اس پروگرام کے تحت 1 لاکھ 10 ہزار 608 مستحق ، غریب اور نادار افراد کو 10 ہزار 500 فی کس کے حساب سے مالی امداد تقسیم کی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں اور بالخصوص مستحق افراد کے لئے بہترین اقدامات کرنے کے لئے ہمیشہ کوشاں ہے۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے کہا کہ مستحق خواتین کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی امدادی رقم میں کٹوتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔