23.8 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںبینظیر کفالت پروگرام کے تحت 2.7 ملین سے زیادہ مستحق خاندانوں کو...

بینظیر کفالت پروگرام کے تحت 2.7 ملین سے زیادہ مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، سینیٹر روبینہ خالد

- Advertisement -

کراچی۔ 18 اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے جمعہ کو بی آئی ایس پی مرکزی زونل آفس کراچی کا دورہ کیا ۔ دورے کا مقصد صوبے میں بی آئی ایس پی کے جاری اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ دورے کے دوران ڈی جی سندھ نے سینیٹر روبینہ خالد کو سندھ ریجن میں بی آئی ایس پی کی آپریشنل سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بینظیر کفالت پروگرام کے تحت 2.7 ملین سے زیادہ مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام نے 2.5 ملین بچوں کے اسکولوں میں اندارج کو یقینی بنایا جبکہ بینظیر نشوونما پروگرام سے 5.6 ملین حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور شیر خوار بچے مستفید ہورہے ہیں۔ چیئرپرسن روبینہ خالد نے عوامی خدشات بالخصوص سکھر اور دیگر اضلاع کی شکایات کو بروقت حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

- Advertisement -

انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستحقین کی شکایات کو مؤثر طریقے سے حل کیا جائے۔ مزید برآں انہوں نے بی آئی ایس پی ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ بغیر کسی خوف کے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں اور مؤثر طریقے سےپسماندہ طبقے کی خدمت جاری رکھ سکیں۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے ڈی جی سندھ کو ہدایت کی کہ وہ سروس ڈیلیوری اور آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ڈائریکٹر جنرل آفس اور ون ونڈو سینٹر کے قیام کے حوالے سے سندھ حکومت سے رجوع کریں۔

انہوں نے کنسلٹنٹ (ریجنل کوآرڈینیٹر) نوید خان کو بھی ہدایت کی کہ وہ بینظیر ہنرمند اور سندھ بھر میں تکنیکی اداروں کے ذریعے چلائے جانے والے ہنر مندی کے پروگراموں کے بارے میں تفصیلی معلومات اکٹھی کریں جس سے مستحق افراد کو پیشہ ورانہ تربیت اور معاشی خودمختاری کے لیے بی آئی ایس پی کے عزم کو تقویت ملے گی۔چیئرپرسن روبینہ خالد نے دفتر کے احاطے میں سرسبز پاکستان بینظیر پاکستان شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584226

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں