بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ ،نجی کاروبارکوقرضہ جات کے اجراء میں جولائی کے دوران کمی ریکارڈ

115
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ اورنجی شعبہ کے کاروبارکوقرضہ جات کے اجراء میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کوفراہم کردہ قرضہ جات کاحجم 7998 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 0.1 فیصدکم ہے،

گزشتہ سال جولائی میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کوفراہم کردہ قرضہ جات کاحجم 8004 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا، جون کے مقابلہ میں جولائی میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کوقرضہ جات کے اجراء میں ماہانہ بنیادوں پر1.3 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے،جون میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کوقرضہ جات کے اجراء کاحجم 8101 ارب روپے تھا جو جولائی میں کم ہوکر7998 ارب روپے ہوگیا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق نجی شعبہ کے کاروبارکو بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کے اجراء میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر0.1 فیصدکی کمی ہوئی، جولائی میں نجی شعبہ کے کاروبارکو بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کے اجراء کاحجم 6859 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جولائی میں 6867 ارب روپے تھا۔ جون کے مقابلہ میں جولائی میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کوقرضہ جات کے اجراء میں ماہانہ بنیادوں پر1.4 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔