اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 14.4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں نجی شعبے کو بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی کا حجم 9 ہزار 483 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 14.4 فیصد زیادہ ہے ۔ گزشتہ سال جولائی میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 8 ہزار 291 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جون کے مقابلے میں جولائی میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضہ جات میں ماہانہ بنیادوں پر 1.9 فیصد کا اضافہ ہوا ۔ جون کے اختتام پر بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 9 ہزار 671 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق نجی شعبے کے کاروبار کو بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کی فراہمی میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 15.1 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔
جولائی کے اختتام پر بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 8 ہزار 207 ارب روپے ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 15.1 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جولائی کے اختتام پر بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 7 ہزار 133 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جون کے مقابلے میں جولائی میں نجی شعبے کے کاروبار کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات میں ماہانہ بنیادوں پر 2.6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ جون کے اختتام پر نجی شعبے کے کاروبار کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 8 ہزار 424 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔