اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):بینکوں کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروباری اداروں کے شعبہ ( ایس ایم ای) کو قرضوں کی فراہمی میں مالی سال 2022 کی دوسری سہ ماہی کے دوران 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ایس ایم ای سہ ماہی جائزہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جولائی تا ستمبر کے دوران بینکوں کی جانب سے ایس ایم ایز کے شعبہ کو 437.7 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے تھے تاہم جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں اکتوبر تا دسمبر کے دوران ایس ایم ایس سیکٹر کو قرضوں کااجرا 524 ارب روپے تک بڑھ گیا ۔
اس طرح رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں دوسری سہ ماہی میں بینکوں کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروباری اداروں کے شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 86.3 ارب روپے یعنی 20 فیصد بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2020 تا دسمبر 2021 کے دوران شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 8.7 فیصد یعنی 42.2 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔