بینکوں کے گاڑیوں کی خریداری کےلئے قرضوں کی فراہمی میں جولائی کے دوران سالانہ بنیاد پر 20.9فیصد کمی ہوئی،سٹیٹ بینک

143

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):بینکوں کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری کےلئے قر ضوں کی فراہمی میں جولائی کے دوران سالانہ بنیاد پر 20.9فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ سٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں گاڑیوں کی خریداری کےلئے بینکوں نے 285ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 20.9فیصد کم ہیں ۔

گزشتہ سال جولائی میں گاڑیوں کی خریداری کےلئے بینکوں نے 361ارب روپے کے قرضے فراہم کئے تھے۔جون کے مقابلے میں جولائی میں گاڑیوں کی خریداری کےلئے قرضوں کی فراہمی میں ماہانہ بنیاد پر2.9فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جون میں گاڑیوں کی خریداری کےلئے بینکوں کی جانب سے 294ارب روپے کے قرضےفراہم کیے جو جولائی میں کم ہوکر285ارب روپے رہے۔

واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے مہینے میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 7.99ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیاجو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 0.1فیصد کم ہے۔