بینیم جرمے نے ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس کا دوسرا مرحلہ جیت لیا

164

برن۔13جون (اے پی پی):اریٹیریا کے سائیکل سواربینیم جرمے نے ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس کا دوسرا مرحلہ جیت لیا۔ ٹورڈی سوئس سائیکل ریس میں یہ ان کی پہلی فتح ہے۔ فرانسیسی سائیکل سوار ارناؤڈ ڈیمارے دوسرے اور بیلجیم کے سائیکل سوار واؤٹ وین ایرٹ تیسرے نمبر پر رہے۔

ٹور ڈی سوئس سائیکلنگ ریس کے دلچسپ مقابلے سوئٹزرلینڈ میں جاری ہیں۔ ریس کا دوسرا مرحلہ بیرومنسٹر سے نوٹل تک173.7 کلومیٹر کے فاصلے پر محیط تھا جس کو 23 سالہ اریٹیریا کے سائیکل سواربینیم جرمے نےعمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ فاصلہ 3 گھنٹے ،53 منٹس اور 37 سیکنڈز میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ یہ ان کی ریس میں پہلی فتح ہے۔

فرانسیسی سائیکل سوار ارناؤڈ ڈیمارے دوسرے اور بیلجیم کے سائیکل سوار واؤٹ وین ایرٹ تیسرے نمبر پر رہے۔اسی طرح جمہوریہ چیک کے سائیکل سوار پاول بٹنر نے ریس میں چوتھی جبکہ سلواکین سائیکل سوار پیٹر ساگن پانچویں نمبر پر رہے۔

ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس 8 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 1118.2 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔ ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔