بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں مسابقہ حفظ القرآن و بین الاقوامی محفل حسن قرات کا انعقاد ، نامور حفاظ اور مصری قرا کی شرکت

204

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ اور اتحاد القرا پاکستان العالمی کے زیر اہتمام حفظ القرآن ( معہ تجوید) آل پاکستان مسابقہ کے فائنل وبین الاقوامی محفل حسن قرات کاانعقاد کیا گیا۔ جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقدہ مسابقہ میں پاکستان بھرکے سکول و مدارس کے500 بچوں کے درمیان مقابلے کے بعد فائنل میں جگہ بنانے والے 15 حفاظ نے حصہ لیا جبکہ محفل حسن قرات میں مصر کے نامور قرا شیخ صمیر بلال اور شیخ یاسر سمیت پاکستان کے معروف قرا بشمول قاری سہیل احمد ترین نے خوش الہانی کے جوہر دکھائے۔ یہ مسابقہ بلوچستان کے ضلع پشین کے حافظ معید اللہ نے جیت لیا جن کو عمرے کا ٹکٹ انعام میں دیا گیا۔

دوسری پوزیشن اور20 ہزار روپے نقد انعام ہری پور کے حافظ محمد نعمان کے حصہ میں آئی جبکہ تیسری پوزیشن بمعہ دس ہزارروپے نقد انعام لودھراں کے طالب علم محمد مجاہد نے حاصل کی۔ اختتامی تقریب میں شعبہ تعلقات عامہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے سربراہ ناصر فرید ، چیئرمین اتحاد القرا قاری محمد زمان عثمانی اور اتحاد کی سرپرستی کرنے والے جید علما نے جیتنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کئے۔ اس مسابقہ میں ججز کے فرائض چیف جج مولاناقاری محمدابراہیم خلیل آزادکشمیر، مولاناقاری عبدالستارشاہ صاحب ایبٹ آباد اورمولاناقاری عبدالقیوم بٹالوی ضلع اٹک نے سرانجام دیئے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سربراہ شعبہ تعلقات عامہ ناصر فرید نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا اولین مقصد تفرقہ بازی سے پاک خالصتا تحقیق پر مرکوز اسلامی تعلیمات کی ترویج ہے ، قرآن سے وابستگی دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے ،دور حاضر میں بے سکونی اور پریشانی کا گلہ کرنے والے اگر قرآن سے اپنا تعلق جوڑ لیں تو ہم بے سکونی اور پریشانیوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں، قرآن کتاب عمل ہے اور ہم عملی طور پر اسے اپنی زندگی میں شامل کر کے ہی اس سے عقیدت اور محبت کا حق ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل مسجد سعودی عرب کی طرف سے پاکستانی عوام کے لئے تحفہ ہے اور حال ہی میں سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی کی ذاتی دلچسپی سے سعودی حکومت نے فیصل مسجد کی تزئین آرائیش کے لئے فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے لئے پوری پاکستانی قوم ان کی شکر گزار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسی ہی مسجد بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں سعودی حکومت کی جانب سے بنائی جائے گی جوکہ صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی دین کی خدمت پر مرکوز ایسے جملہ پروگراموں میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔اتحاد القرا العالمی کے چیئرمین قاری محمد زمان عثمانی نے مقابلہ کے مراحل کی تفصیلات اور حفظ قرآن و حسن قرات کیلئے اتحاد القرا پلیٹ فارم کی خدمات پر روشنی ڈالی۔