بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے طلباء کے لیے نیوکیمپس میں نئی قائم کردہ فوڈ سٹریٹ کا افتتاح

261
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے طلباء کے لیے نیوکیمپس میں نئی قائم کردہ فوڈ سٹریٹ کا افتتاح جمعرات کو صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے کیا۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان اعزاز چیف کمشنر/چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) انوار الحق بھی ان کے ہمراہ تھے۔

فوڈ سٹریٹ کا قیام یونیورسٹی کے صدر کے طلباء کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے وژن کی روشنی میں عمل میں لایا گیا ہے جہاں انہیں فاسٹ فوڈ، روایتی پکوان اور دیگر کھانے پینے کی مصنوعات ایک ہی جگہ بہترین معیار کے ساتھ دستیاب ہوں گی۔ افتتاح کے بعد یونیورسٹی کے صدر اور مہمان اعزاز کیپٹن (ر) انوار الحق نے تمام فوڈ چینز، سٹالز اور کیبنز کا دورہ کیا جو مختلف اشیائے خوردونوش کے لیے مختص ہیں۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے صدر نے طلباء سے بھی ملاقات کی اور کھانے کے معیار اور خدمات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو جملہ سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ڈاکٹر ھذال نے ہدایت کی کہ طلباء کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کا مقصد پورے کیمپس میں طلباء کو ایک مثالی ماحول فراہم کرنا ہے، طلباء سہولت مرکز کے بعد اب فوڈ سٹریٹ کا افتتاح اسی مشن کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں اس طرح کی مزید سہولیات شامل کی جائیں گی اور بتایا کہ اس ماہ میں ایسے مزید کیفے کا افتتاح کیا جائے گا۔ کیپٹن (ر) انوار الحق نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ یونیورسٹی کی قیادت طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے فوڈ سٹریٹ کے معیارات اور ماحول کی بھی تعریف کی۔ دونوں مہمانوں کو نئے سیٹ اپ، معیاری خوراک کی فراہمی اور حفظان صحت سے متعلق اقدامات بارے میں بریفنگ دی گئی۔

انہیں بتایا گیا کہ کھانے پینے کے سٹالز کو فوڈ سٹریٹ کے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں طلباء کو بغیر کسی تاخیر کے تمام کھانے پینے کی اشیا بشمول فاسٹ فوڈ، بی بی کیو، روایتی کھانے، سلاد اور دیگر کھانے دستیاب ہوں گے۔یونیورسٹی جلد ہی مریم بلاک کے قریب خواتین کیمپس اور میل ہاسٹل نمبر 4 کے قریب مزید کیفیٹریا کا افتتاح کرے گی۔بعد ازاں کیپٹن (ر) انوار الحق، چیئرمین سی ڈی اے/چیف کمشنر نے یونیورسٹی کے صدر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جہاں باہمی دلچسپی کے امور اور معاشرے کی تعمیر میں یونیورسٹی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یونیورسٹی کے صدر نے چیئرمین سی ڈی اے کو یونیورسٹی کے وژن اور اس کے نئے قائم کردہ سٹریٹجک پلان سے آگاہ کیا۔کیپٹن (ریٹائرڈ) انوار الحق نے یونیورسٹی کی بہتری کے لیے جامعہ کے صدر کی کوششوں کو سراہا اور ان کے طلبہ کی سہولت کو اولین ترجیح کے نقطہ نظر کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی مسلم دنیا کے نوجوانوں کو عصری تقاضوں اور اسلامی اقدار کے مطابق پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔