بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی : 21 ویں صدی میں معاشرہ، ریاست اور قومیت کے موضوع پر سیمینار کا اہتمام

77

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے دفتر مشیر طلبا نے منگل کو میل کیمپس میں "21 ویں صدی میں معاشرہ، ریاست اور قومیت ” کے موضوع پر سیمینار کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر سیمینار کے مہمان خصوصی معروف مصنف بریگیڈیئر (ر) طاہر محمود نے اپنے کلیدی خطبے میں موضوع کی مناسبت سے اظہارِ خیال کیا۔ اپنی پریزنٹیشن کے دوران بریگیڈیئر (ر) طاہر محمود نے پاکستان کے تناظر میں معاشرے، ریاست اور قومیت کے تصور اور برصغیر کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے قیام پاکستان اور موضوع کی مناسبت سے بعد از قیام پاکستان تاریخ پر بھی بحث کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جامعہ پروفیسر جامعہ ڈاکٹر محمد سرور نے یونیورسٹی کے نوجوانوں کے لئے سیمینار کے انعقاد پر منتظمین کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے سیمینار منعقد کئے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کے دلوں میں ملکی ترقی کے جذبے کو مزید تقویت ملے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی تعمیر میں اساتذہ کا کردار اہم ہے کیونکہ اساتذہ ہی قوم کی تعمیر کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد سرور نے طلباء پر زور دیا کہ مستقبل ہمارے سیکھنے کے عمل پر منحصر ہے اس لئے ہمیں معاشرے میں پرامن رہنے کے لئے اپنی تعلیم پر توجہ دینی چاہئے۔

سیمینار میں ڈائریکٹر جنرل ادارہ براے اسلامی اقتصادیات پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید اور مشیر طلبا ڈاکٹر حافظ غفران احمد ، ڈپٹی اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر مسعود الرحمان خٹک اور سینئر فیکلٹی ممبران سمیت طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حافظ غفران احمد نے تقریب میں شرکت کرنے پر مقررین اور طلباء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی مزید تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد جاری رہے گا۔بعد ازاں بریگیڈیئر (ر) طاہر محمود نے صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور سے بھی ملاقات کی۔