اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):پاکستان نے بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی المیہ کا شکار افغان عوام کی مدد کیلئے آگے آئے اور انہیں خوراک، طبی امداد اور چھت فراہم کرے، افغانستان کے عوام جو پہلے ہی طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد شدید انسانی المیہ اور مشکل صورتحال کا شکار ہیں، کی تکالیف میں حالیہ سیلاب کے بعد مزید اضافہ ہو گیا ہے، جنگ سے تباہ حال ملک کے 12 صوبے سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں اور 29 افراد سیلاب میں جاں بحق ہوئے جبکہ سینکڑوں خاندان بے گھر ہو گئے اور فصلیں تباہ ہوگئیں۔
مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان نے اپنی اقتصادی مشکلات کے باوجود افغان عوام کی مدد کی اور پاکستان کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے 7 مئی کو امداد بھجوائی گئی جبکہ خوراک اور خیموں پر مشتمل ایک جہاز بھی کو روانہ کیا گیا جبکہ اس کے تین دن بعد 10 مئی کو پاکستان نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی ایک اور کھیپ بھی روانہ کی۔ پاکستان نے بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں افغان کی مدد کیلئے آگے بڑھے۔ پاکستان نے اس سلسلہ میں اسلامی تعاون تنظیم سے بھی رابطہ کیا۔