بین الاقوامی برادری کشمیریوں اور فلسطینی عوام کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے ، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا بیان

81

اقوام متحدہ۔11دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھارت کے غیرقانونی تسلط میں جموں وکشمیر اور فلسطین کے عوام کے مصائب کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں اور فلسطینی عوام کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے گزشتہ روز انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے بیان میں کہا کہ فلسطین اور بھارت کے غیرقانونی تسلط میں جموں کشمیر میں روزانہ لاکھوں عوام کو پرتشدد حملوں، مظالم اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سامنا ہے اور ظلم و بربریت کی یہ مثالیں بین الاقوامی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی کا سبب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کشمیر اور فلسطین کے عوام کو درپیش مصائب، مظالم اور قتل پر اپنی سیاسی، قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں سے غافل نہیں رہ سکتی۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ(یو ڈی ایچ آر)کی مرکزی بنیاد یہی ہے کہ ہر قسم کے حالات میں کسی بھی مرد و خواتین کا وقار ناقابل تسخیر ہے اور یہ حقیقت ہے کہ ایسی صورتحال میں جب بنیادی حقوق کو دبانے کے لیے جان بوجھ کر پابندیاں عائد کر دی جاتی ہیں اور انسانی حقوق کے عالمی دن پر ہمیں ایسے لوگوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو آج کے اس دور میں بھی جبری قیدو محکومی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران زندگی ، صحت مند زندگی اور ترقی کے حقوق ایک دوسرے سے جڑے ہیں اور ہم دنیا میں رائج امتیاز ی سلوک اور عدم مساوات پر توجہ دیئے بغیر بہتری کی جانب گامزن نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یو ڈی ایچ آر کے اصولوں کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ غیر جانبداری ، معروضی اور عدم انتخاب کے اصولوں کی بنیاد پر د نیا بھر کے تمام افراد کے تمام انسانی حقوق کے احترام کی حمایت کی ہے ۔