اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سفیران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 24 اکتوبر کا دن اس تاریخی عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلوانے اور نصب العین کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد بھرپور انداز سے جاری رکھیں گے۔ آزادکشمیر کے 77 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم نے اس عہد کی بھی تجدید کرنی ہے کہ آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام اور حکومت ا س وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آٹھ لاکھ سے زائد بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجود بہادر کشمیری نوجوان بڑے حوصلے اور عزم سے پاکستان سے اپنی وابستگی کا اظہار کر رہے ہیں اور جموں و کشمیر کی گلیوں اور چوراہوں پر پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان اپنے آبائو اجداد سے بھی زیادہ پرعزم ہیں کہ وہ حق خود ارادیت ہر صورت میں حاصل کر کے رہیں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وقت آ چکا ہے کہ بین الاقوامی برادری کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر تفصیل سے بات کی ہے اور دوٹوک موقف اپنایا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کی حکومت اورعوام اپنے کشمیری بھائیوں کی حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی تمام تر سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گے اور پوری ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہو گا۔