بین الاقوامی برادری 2021 کو گزشتہ سال کے زخموں کو مندمل کرنے کا سال بنائے، سکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا سال نو پر تہنتی پیغام

132
United Nations

اقوام متحدہ۔29دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ لے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے سال نو پر اپنے تہنتی پیغام میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ 2021 کو گزشتہ سال کے زخموں کو مندمل کرنے یعنی بحرانوں سے بحالی کا سال بنائے اور کورونا وائرس کی وبا اور ماحولیاتی تبدیلی کے بحران سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے سال نو کی آمد پر منگل کو اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ ہمیں مل کر نہ صرف ایک دوسرے کے ساتھ امن و بھائی چارے بلکہ پرامن ماحول کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے اور ماحولیاتی تبدیلی کے بحران سے نمٹنے، کورونا وائرس کی وبا کو روکنے اور 2021 کو بحالی کا سال، وائرس کے اثرات سے بحالی، معاشرتی اور معیشتوں کی بحالی، تقسیم کو ختم کرنے اور معاشرے سے ناہمواریوں کو ختم کرنے اور گزشتہ سال کے زخموں کو مندمل کرنے کا سال بنائیں اور ایک نیا آغاز نئے سال کا ہمارا عزم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث 2020 کا سال مشکلات، پریشانیوں اور دکھوں کا سال رہا کیونکہ اس سال کئی لوگوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا اور کئی لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے جو دنیا بھر کے دکھوں اور پریشانیوں کا باعث رہا۔ انہوں نے کہا کہ غربت، عدم مساوات اور بھوک میں اضافہ ہو رہا ہے ، ملازمتیں کم اور ختم ہورہی ہیں اور قرضوں میں اضافہ ہو رہا ہے، بچے محنت مزدوری کر رہے ہیں، گھریلو جھگڑوں اور تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے اور یہاں تک ہر جگہ عدم تحفظ کا احساس ہے لیکن نئے سال کی آمد ہے اور نیا سال ہمارے لیے امید کی ایک کرن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ہمسایوں کی مدد کر رہے ہیں ، فرنٹ لائن ورکرز اس مشکل گھڑی میں اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں، سائنسدان ریکارڈ وقت میں کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین تیار کررہے ہیں، دنیا کے ممالک موسمیاتی تبدیلی کی روک تھام کے لئے نئے عزم کر رہے ہیں اور مسائل اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ اگر ہم اتحاد اور یکجہتی سے کام کریں گے تو دنیا بھر میں یہ امید کی کرن نظر آئے گی اور 2020 کے اس مشکل سال کا سب سے اہم سبق اتحاد اور یکجہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامع اور پائیدار مستقبل کی منتقلی کے حصے کے طور پر کورونا وائرس کی وبا اور ماحولیاتی تبدیلی کے بحرانوں پر متحد ہو کر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے زور دیا کہ 2021 کے لیے اقوام متحدہ کا اہم مقصد2050 تک کاربن اخراج میں کمی کے لیے عالمی اتحاد کا قیام ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ملک کی حکومت ، شہر، شہری، کاروباری ادارے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔