لندن۔12نومبر (اے پی پی):عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ بین الاقوامی درجہ حرارت کو کم کرنے کے لئے مستقبل میں ماحولیات کے شعبہ میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ ایس او اے ایس یونیورسٹی آف لندن کے تجزیہ کار الرچ وولز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ماحولیات اور صحت کے شعبہ کے ماہرین کی جانب سے خطرات کی مسلسل نشاندہی کے باوجود عالمی برادری نے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے اور بدقسمتی سے یہی صورتحال ماحولیات کے شعبہ میں بھی درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بہت کم وقت ہے اور آئندہ ایک دہائی کے دوران ہمیں کاربن کے اخراج میں کمی اور عالمی درجہ حرارت کو صنعتی دور سے قبل کے درجہ حرارت کے مقابلہ میں 1.5 سینٹی گریڈ سے کم اضافہ تک محدود کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مستقبل میں ماحولیات کے شعبہ میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔