بین الاقوامی شہرت یافتہ کوہ پیما علی رضا سدپارہ معمول کی تربیت کے دوران پہاڑ سے گر کر شدید زخمی

58

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):بین الاقوامی شہرت یافتہ کوہ پیما علی رضا سدپارہ معمول کی تربیت کے دوران پہاڑ سے گر کر شدید زخمی ہوگئے۔الپائن کلب آف پاکستان کے سیکرٹری کرار حیدری نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق علی رضا کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ چکی ہے، علی رضا کو سترہ بار پاکستان کی 8 ہزار میٹر بلند چوٹیوں کو سر کرنے کا اعزاز حاصل ہےعالمی شہرت یافتہ کوہ پیما علی رضا سدپارہ منگل کو فجر کے وقت معمول کی مشق کے لئے قریبی پہاڑ پر مہم جوئی کر رہے تھے کہ پہاڑ سے پھسل کر کھائی میں گر گئے،

حادثے کے بعد انہیں ریجنل ہسپتال منقل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق زخمی کوہ پیما علی رضا سدپارہ کی ریڑھ کی ہڈی اور پسلیاں ٹوٹی ہیں، علی رضا کے بیٹے اور کوہ پیما بشیر حسین نے قوم سے علی رضا سدپارہ کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی اپیل کی ہے
55 سالہ علی رضا سدپارہ مرحوم علی سدپارہ اور حسن سدپارہ کے استاد تھے اور انہیں گلگت بلتستان میں واقع دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو 17 بار سر کرنے کا اعزاز حاصل ہے، علی رضا سدپارہ رواں سال کے ٹو کی مہم جوئی پر جا رہے تھے۔