بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کے لئے بین الاقوامی وزارتی اجلاس سعودی عرب میں 29 جنوری کو ہو گا

119
International Labor Market Conference
Global Labor Market Conference Logo

ریاض۔20جنوری (اے پی پی):بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کے لئے بین الاقوامی وزارتی اجلاس سعودی عرب میں 29 جنوری کو ہو گا۔ اجلاس کی سرپرستی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کریں گے۔العربیہ اردو کے مطابق کانفرنس میں دنیا بھر سے 45 سے زائد وزرائے محنت شرکت کریں گے۔ اس میں جی 20 ممالک، یورپ، ایشیا، مشرق وسطیٰ،افریقہ اور امریکا شامل ہیں۔ اجلاس کے دوران لیبر مارکیٹوں میں لیڈروں اور فیصلہ سازوں کا ایلیٹ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔

یہ وزارتی اجلاس دنیا بھر کے ممالک کے لیبر سسٹم کے نمائندوں کے درمیان تجربات اور خیالات کے تبادلے کے لئے ایک سٹریٹجک عالمی پلیٹ فارم ہے، جہاں مستقبل کی پالیسیاں اور لیبر مارکیٹوں میں رجحانات، نوجوانوں کو روزگار کے لئے درپیش چیلنجز اور جدید اقدامات جن کا مقصد عالمی سطح پر نوجوانوں کی شرکت کو بڑھانا اور معیشت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

یہ اجلاس بے روزگاری اور نوجوانوں کے روزگار کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بین الاقوامی کوششوں کو متحد کرنے اور تیز رفتار اقتصادی اور تکنیکی تبدیلیوں کی روشنی میں لیبر مارکیٹوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کا ایک غیر معمولی موقع ہوگا۔یہ کانفرنس 29 سے 30 جنوری تک ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں منعقد ہوگی جس میں 100 سے زائد ممالک کی نمائندگی کرنے والے 200 سے زائد مقررین شرکت کریں گے۔

اس میں سٹریٹجک ویژن اور 6 اہم ستونوں پر گہرائی سے بات چیت شامل ہے، جن میں ہنر کی ترقی اور بحالی، موبائل افرادی قوت، نوجوانوں کو بااختیار بنانا، تکنیکی اختراع، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی حمایت، سبز معیشت کو فروغ دینا اور اس کے لیے اختراعی حل تلاش کرنا جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔