اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)نے پہلی سہ ماہی کے اہداف کے حصول کیلئے حکومت کے عزم کو سراہتے ہوئے کلیدی شعبہ جات میں حکومت کی جانب سے کی جانےوالی کوششوں کی تعریف کی ہے۔
جمعرات کووزارت خزانہ کی طرف سے یہاں جاری کردہ بیان کے مطابق نگراں وفاقی وزیرخزانہ، محصولات واقتصادی امورڈاکٹرشمشاداخترنے نتھن پورٹرکی قیادت میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے جائزہ مشن سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آئی ایم ایف کی ریزیڈنٹ نمائندہ ایسترپیریز لوئز، گورنرسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایس ای سی پی، چیئرمین ایف بی آر، سیکرٹری خزانہ، آئی ایم ایف وفد کے اراکین اور وزارت خزانہ کے سینئرافسران موجودتھے۔وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کا خیرمقدم کیا اورانہیں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ سٹینڈبائی معاہدہ پرپیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے وفد کومعاشی صورتحال میں بہتری کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے مالیاتی اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔
ملاقات میں جامع اصلاحات، ایف بی آر کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور گردشی قرضہ سے نمٹنے کے بارے میں حکومت کی حکمت عملیوں پرتفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ آئی ایم ایف کے مشن چیف نتھن پورٹر نے پہلی سہ ماہی کے اہداف کے حصول کیلئے حکومت کے عزم کوسراہا اور کلیدی شعبہ جات میں حکومت کی جانب کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔
انہوں نے ملک کی معیشت کو ٹریک پر رکھنے اوراقتصادی استحکام کیلئے ان اقدامات کے تسلسل کی اہمیت پرزوردیا۔وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کی جانب سے مسلسل معاونت اورحمایت کو سراہا۔ انہوں نے سٹینڈبائی معاہدہ کومکمل کرنے اوراقتصادی اہداف کے حصول کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ قریبی کام جاری رکھنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔