اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے بین الاقوامی مشن نے وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ اور صوبائی حکومتوں کی قیادت میں زچہ و بچہ کی صحت بارے حکومتی عزم اور کاوشوں کو سراہا ہے۔ جمعرات کو بین الاقوامی جائزہ مشن نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران زچہ و بچہ کی صحت کی صورتحال کے بارے میں لئے گئے جائزہ کے نتائج اور اپنی اخذ کردہ سفارشات کے بارے میں وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کو بریف کیا۔ اس مشترکہ اعلیٰ سطحی مشن میں عالمی بینک، گاوی دی ویکسین الائنس، بل اینڈ ملنیڈاگیٹس فاﺅنڈیشن عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور یو ایس ایڈ کے ماہرین شامل تھے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت محمد ایوب شیخ اور صحت کے اعلیٰ صوبائی حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کے توسیعی پروگرام میں بہتری لانے کےلئے گذشتہ چند سالوں میں بڑی کوششیں کی گئی ہیں تاکہ ملک بھر میں زچہ بچہ کی صحت کےلئے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات میں مزید بہتری آئے۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام کے سلسلہ میں معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات بڑے موثر مداخل ہیں۔