اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پیر کو نیشنل سینٹر برائے طبیعیات (این سی پی) میں منعقدہ پچاسویں بین الاقوامی نتھیا گلی سمر کالج (آئی این ایس سی) کا افتتاح کیا۔ یہ کالج پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے زیر اہتمام منعقد کیا جاتا ہے جو 1976ء سے مسلسل اس کی میزبانی کر رہا ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر احسن اقبال تھے جبکہ چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور، سینئر سرکاری افسران، سٹریٹجک پلانز ڈویژن (ایس پی ڈی) کے نمائندگان، ممتاز اساتذہ، محققین اور طلباء بھی موجود تھے۔پروفیسر احسن اقبال نے اپنے خطاب میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو سمر کالج کے 50 برس مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور اس ادارے کو "پاکستان کے سائنسی تاج کا گوہر” قرار دیا۔ انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید عالمی چیلنجز کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا۔انہوں نے قرآن پاک کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے علم کے حصول کی اسلامی روایت کو اجاگر کیا اور اسلامی عہد زریں کا تذکرہ کیا، جب مسلم دنیا نے سائنس کی بنیاد پر دنیا کی رہنمائی کی۔
مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور کوانٹم کمپیوٹنگ جیسے شعبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اخلاقیات کے بغیر سائنس خطرناک ہے۔انہوں نے حکومت کی جانب سے مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور دیگر جدید علوم میں قومی مراکز کے قیام کو علم پر مبنی معیشت کی بنیاد قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے کہا کہ آئی این ایس سی نہ صرف پاکستان بلکہ ترقی پذیر ممالک کے نوجوان سائنسدانوں کی تربیت کا ایک موثر پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے سرن (CERN) کے ساتھ الحاق، لیزر ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ میں پیش رفت کو اس کالج کا ثمر قرار دیا۔ انہوں نے شرکا کو جدید سائنسی ترقیات سے ہم آہنگ رہنے کی تلقین کی۔واضح رہے کہ نتھیا گلی سمر کالج کا تصور نوبل انعام یافتہ سائنسدان ڈاکٹر عبدالسلام نے پیش کیا تھا جو اس کے بانی ڈائریکٹر بھی تھے۔ گزشتہ 50 برسوں میں اس کالج میں 1100 سے زائد ممتاز سائنسدان اور 9 نوبل انعام یافتگان لیکچر دے چکے ہیں جبکہ پاکستان اور دیگر 75 ترقی پذیر ممالک سے تعلق رکھنے والے 12 ہزار سے زائد سائنسدانوں نے شرکت کی ہے۔پچاسویں آئی این ایس سی کا اختتامی اجلاس 28 جون 2025ء کو نتھیا گلی میں ہوگا۔