اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی کرن ڈار نے کہا ہے کہ بین الاقوامی ٹیموں کی پاکستان آمد سے ملک کا مثبت تشخص دنیا بھر میں بحال ہوا ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں سری لنکا، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، جنوبی افریقا، آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے جس سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد ملی ہے
ان دوروں نے پاکستان کی سیکورٹی صورتحال پر اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور ملک کی مثبت تصویر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔ کرن ڈار نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے چیمپئنز ٹرافی 2025کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں جن سے تمام ٹیمیں اور شائقین مستفید ہوں گے۔ انہوں نے پی سی بی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز کو سراہا جس کے تحت بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو پر منعقد کیے جائیں گے۔ اس اقدام سے ایونٹ کے کامیاب انعقاد اور شائقین کی سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔