بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن نے 2026 کی وسط سالی عالمی رینکنگ جاری کر دی جس میں مردوں کی رینکنگ میں بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔
بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن نے 2026 کی وسط سالی عالمی رینکنگ جاری

مزید خبریں
لاہور۔29جون (اے پی پی):بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن نے 2026 کی وسط سالی عالمی رینکنگ جاری کر دی جس میں مردوں کی رینکنگ میں بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ترجمان پی ایچ ایف کےمطابق بیلجیئم نے شاندار کارکردگی اور ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد 3738 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی جبکہ سابق نمبر ایک نیدرلینڈز 3513 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ انگلینڈ 3500 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، آسٹریلیا چوتھے ، جرمنی پانچویں،سپین چھٹے، ارجنٹائن ساتویں،بھارت آٹھویں ، نیشنز کپ جیتنے والی فرانس کی ٹیم نویں اور آئرلینڈ دسویں پوزیشن پر ہے۔ نیوزی لینڈ گیارہویں نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان ایف آئی ایچ پرو لیگ میں کوئی میچ نہ جیتنے کے باوجود 2439 پوائنٹس کے ساتھ بارہویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ جنوبی افریقا تیرہویں، ملائیشیا چودہویں اور جاپان پندرہویں نمبر پر ہے۔خواتین کی عالمی رینکنگ میں نیدرلینڈز نے مسلسل شاندار کارکردگی کے باعث 4104 پوائنٹس کے ساتھ اپنی پہلی پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے۔ ارجنٹائن دوسرے، بیلجیئم تیسرے اور چین چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ جرمنی پانچویں اور سپین چھٹے ، انگلینڈ ساتویں اور آسٹریلیا آٹھویں پوزیشن پر ہے۔ نیوزی لینڈ دسویں، امریکا گیارہویں ، آئرلینڈ بارہویں ،چلی تیرہویں، سکاٹ لینڈ چودہویں، جاپان پندرہویں، فرانس سولہویں اور جنوبی کوریا سترہویں نمبر پر موجود ہے۔








