لاہور۔18فروری (اے پی پی):چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو و ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے بین المذاہب چائلڈ پروٹیکشن صوبائی فورم کے آغاز پر منعقدہ مشاورتی ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ورکشاپ کا انعقاد اسلامک ریلیف پاکستان اور یونیسیف پاکستان کے اشتراک سے کیا گیا۔ورکشاپ میں مختلف مذاہب کے رہنماوں،ممبران صوبائی اسمبلی مہوش سلطانہ، صفیہ سعید اور رخسانہ کوثر سمیت مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوران صوبائی سطح پر بین المذاہب چائلڈ پروٹیکشن فورم کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔چیئر پرسن سارہ احمد نے کہا کہ تمام مذاہب کے رہنما بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے متحد ہیں اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے تحت اسلامک ریلیف پاکستان اور یونیسیف پاکستان کے اشتراک سے اس فورم کا قیام ایک قابلِ ستائش اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی بین المذاہب چائلڈ پروٹیکشن فورم کو سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی جانب سے قائم کردہ چائلڈ رائٹس کو اس کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو مزید موثر بنایا جا سکے۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے پر کہا کہ فورم کا بنیادی مقصد تمام مذاہب کے رہنماوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ پنجاب میں بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے بچے ہمارے لئے برابر اہمیت رکھتے ہیں اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے بچوں کو بھی یکساں خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے کمسن بچوں کے استحصال کے خلاف آگاہی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ چائلڈ ہیلپ لائن 1121 تمام مذاہب کے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے موثر طور پر فعال ہے۔اس موقع پر اسلامک ریلیف پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر آصف شیرازی،چائلڈ پروٹیکشن اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی ہیڈ افشاں جمال،یونیسیف چائلڈ پروٹیکشن آفیسر ازلان بٹ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔