لاہور۔11مئی (اے پی پی):بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام پاک فوج کی کامیابی پر اظہار تشکر کیلئے نولکھا چرچ سے ریلی نکالی گئی۔چیئرمین انٹرفیتھ ڈائیلاگ فورم ماڈریٹر ڈاکٹر مجید ایبل نے ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر چیئرمین کل مسالک علما بورڈ مولانامحمدعاصم مخدوم ،سکھ رہنما سردار کلیان سنگھ کلیان اورہندو رہنما پنڈت بھگت لال کھوکھر سمیت سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی ۔
شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کل مسالک علما بورڈ مولانامحمدعاصم مخدوم نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کو منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاک فوج دنیا کی پہلے نمبر کی فوج ہے ،تمام مذاہب پاکستان کی خاطر ایک ہیں ۔ ڈاکٹر مجید ایبل نے کہا کہ اس ریلی کا مقصد یہ ہے کہ پوری پاکستانی قوم ہر دم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
ہندو رہنما پنڈت بھگت لال کھوکھر نے کہا کہ بزدل دشمن نے پاکستان پر رات گئے حملہ کیا جس کا پاک فوج نے دشمن کودندان شکن منہ توڑ جواب دیا،پاکستان افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں سے ہے ،پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595656