اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی سی ایس) کی سفیر اور چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر نے یہاں پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اور ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران آئندہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جو 11 تا 12 نومبر 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق مصباح کھر کے ہمراہ سینئر ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول طارق بن وحید بھی موجود تھے۔ مصباح کھر نے پارلیمانی قائدین کو باضابطہ دعوت نامے پیش کیے اور اس امر پر زور دیا کہ یہ کانفرنس خطے بھر کے پارلیمنٹرینز کو باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، تعاون میں اضافہ اور علاقائی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔کانفرنس کے مقاصد اجاگر کرتے ہوئے مصباح کھر نے کہا کہ یہ ایونٹ کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعمیری مکالمے کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کانفرنس مشترکہ چیلنجز کے حل اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ملاقات کے دوران مصباح کھر نے پاکستان میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے انسانی و معاشی نقصانات کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی و بحالی کی کوششوں میں مزید فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں ترقی پذیر ممالک کا ساتھ دیا ہے، پاکستان اس وقت شدید سیلابی حالات سے دوچار ہے اور یہی وقت ہے کہ اقوام متحدہ آگے بڑھ کر کمزور طبقات کی مدد کرے۔دونوں جانب نے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات کے مواقع تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ محمد یحییٰ نے بریفنگ اور باضابطہ دعوت نامے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اقوام متحدہ آئندہ کانفرنس میں بھرپور تعاون اور فعال شرکت کرے گی۔