اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بین الپارلیمانی و سفارتی روابط تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کا ذریعہ ہیں،ماحولیاتی تبدیلی، قابلِ تجدید توانائی اور پانی کی قلت کے مسئلے کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میری بطور بانی چیئرمین آئی ایس سی تعیناتی پاکستان کے عالمی مکالمے کے عزم کا اعتراف ہےیہ کامیابی نہ صرف میرے لیے باعثِ فخر بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہے۔یہ کامیابی پاکستان کے لیے بے شمار امکانات کے دروازے کھولے گی ،بین الپارلیمانی و سفارتی روابط تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی، قابلِ تجدید توانائی، اور پانی کی قلت کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔بین الپارلیمانی روابط پاکستان کی سافٹ امیج کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہیں ،قائداعظم، فاطمہ جناح، ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی سفارتی میراث پر عمل پیرا ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آئی ایس سی کو تعمیری مکالمے اور عملی اقدامات کا فعال پلیٹ فارم بنایا جائے گا،سیول اعلامیہ عالمی امن، مکالمے اور مشترکہ خوشحالی کا روڈمیپ ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی ادارے مل کر معیشتوں کو بہتر بنائیں اور پانی کی مساوی فراہمی یقینی بنائیں،تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت وہاں ترقی پاتے ہیں جہاں سفارتکاری راہنمائی کرتی ہے،سی پیک، خوراک کے تحفظ، مصنوعی ذہانت اور زراعت میں شراکت داری ترقی کا ذریعہ بن سکتی ہے،پاکستان کے نوجوان، سفارتکار اور کاروباری افراد اس شاندار موقع کے لیے تیار رہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587368