لیڈز۔25جون (اے پی پی):انگلینڈ کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز بین ڈکٹ نے بھارت کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری سکور کی بلکہ میچ میں فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہیڈنگلے لیڈزکے مقام پر کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میچ میں برطانوی مایہ ناز اوپننگ بلے باز بین ڈکٹ نے پہلی کی طرح دوسری اننگز میں بھی اپنی عمدہ بلے بازی کے تسلسل کو جاری رکھا۔
30 سالہ بین ڈکٹ نے بھارتی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز کے بعد ملنے والے 371 رنز ہدف کے تعاقب میں بھارتی بائولر ز کی خوب دھلائی کرتے ہوئے زیک کرائولی کے ساتھ ملکر پہلی وکٹ پر 188رنز کی شراکت داری قائم کی ۔ اس کے بعد بین ڈکٹ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی میچ میں کامیابی کے لئے پوزیشن مستحکم بنادی ۔ بین ڈکٹ نے 170گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک وبصورت چھکے اور 21چوکوں کی مدد سے انفرادی 149رنز بنائے۔ یہ بین ڈکٹ کے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری ہے۔ بین ڈکٹ کو 149کے انفرادی سکور پر شاردول ٹھاکر نے آئوٹ کیا۔