اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے پاس اب تک بیرون ملک 131,817 غیر ملکی ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہیں۔ مجموعی طورپر 275669 ملازمتوں میں سے 143854 ملازمتوں کو پر کرلیا گیاہے ۔ایک سرکاری ذریعے نے اے پی پی کو بتایا کہ متعلقہ محکموں کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے 30 جون تک تقریبا 337,000 پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک گئے۔
ملک کی پیداواری پالیسیوں کی وجہ سے غیر ملکی ملازمت کے متلاشیوں کی تعداد میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ ہنر مند اور غیر ہنر مند پاکستانی کارکنوں کے لیے ملازمتوں کے نئے راستے کھل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1971 میں بیورو کے قیام کے بعد سے اب تک ایک کروڑ سے زائد تارکین وطن کو بیرون ملک روزگار فراہم کیا گیا ہے جو کہ بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ میں رجسٹرڈ ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2015 کے دوران سب سے زیادہ تعداد 946,571 پاکستانی روزگار کی غرض سے بیرون ملک گئے۔ اس طرح بیرون ملک ملازمت کرنے والے کثیر زرمبادلہ پاکستان بھیج کر ملکی ترقی میں اہم کردارادا کررہے ہیں۔