کوئٹہ۔ 01 ستمبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بیوٹمز یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا مقصد ایک اعلیٰ معیار کا تعلیمی ادارہ قائم کرنا ہے جو طلبا کو اعلیٰ درجے کی سہولیات اور وسائل مہیا کرے۔ یہ بات انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی ژوب کیمپس سے متعلق بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ بریفنگ میں پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر میروائس کاسی، کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالسلام لودھی اور رجسٹرار ڈاکٹر احسن اچکزئی بھی موجود تھے۔
گورنر مندوخیل نے ژوب کے تعلیمی اداروں میں طلبا وطالبات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کیلئے تمام متعلقہ ذمہ داران پر زور دیا کہ زیرتعمیر اکیڈمک بلاکس، اسپورٹس کمپلیکس، ہاسٹلز اور گیسٹ ہاؤسز وغیرہ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے جس سے طلبا کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ژوب کے تعلیمی اداروں میں طلبا کی تعداد کے پیش نظر ہماری منصوبہ بندی مستقبل کی ضروریات کے مطابق ہونی چاہیے ، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہم آنے والی نسلوں کیلئے ایک مضبوط بنیاد بنائیں۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ژوب ڈویژن کو ایک ممتاز تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، اس وژن کے حصول کیلئے ہر ذی شعور شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔