بیوٹیفکیشن پلان کے تحت شہر میں نصب تمام سائن بورڈز اور رہنمائی بورڈز کی فوری مرمت کی جائے،چیئرمین سی ڈی اے کی متعلقہ افسران کو ہدایت

96

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ بیوٹیفکیشن پلان کے تحت شہر میں نصب تمام سائن بورڈز اور رہنمائی بورڈز کی فوری مرمت کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں متعلقہ شعبوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اسلام آباد بیوٹیفکیشن پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں مستقل طور پر آرائشی لائٹس نصب کی جائیں۔ اس حوالے سے پہلے مرحلے میں شاہراہِ دستور پر ایل ای ڈی فلڈ لائٹس لگائی جائیں گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ایسی لائٹس لگائی جائیں جو کم لاگت ہونے کے ساتھ ساتھ کم توانائی پر بھی روشن ہوں۔انہوں نے کہا کہ لائٹس کی حفاظت کے لئے مؤثر اور مستقل انتظام کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کا پی سی ون جلد منظوری کیلئے پیش کیا جائے۔

اس موقع پرچیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن پلان کے تحت شہر میں نصب تمام سائن بورڈز اور رہنمائی بورڈز کی فوری مرمت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم عمارات کو خوبصورت بنانے کا پلان پیش کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آرکیٹیکس پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جائے جو بیوٹیفکیشن پلان میں معاونت کرے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے تمام ایونیوز کو مرحلہ وار خوبصورت بنایا جائے گا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بیوٹیفکیشن پلان کے تحت ایسے پودوں کا انتخاب کیا گیا ہے جس سے سال بھر شہر خوبصورت پھولوں سے سجا رہے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بیوٹیفکیشن پلان کے تحت شہر کی قدرتی خوبصورتی اور جدت میں توازن رکھا گیا ہے۔

اسی طرح شہر کو خوبصورت بنانے والے عوامل میں ہم آہنگی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ایف نائن پارک میں موجود سہولیات میں مزید اضافے کیلئے پلان بھی پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح ایف ۔9 پارک کو تفریحی سرگرمیوں کا مرکز بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں جامع پلان پیش کیا جائے۔