بیٹے نے باپ کو اور سسرالیوں نے بہو کو آگ لگا کرقتل کر دیا

107
Rescue 1122 Mansehra
Rescue 1122 Mansehra

فیصل آباد ۔ 31 مئی (اے پی پی):بیٹے نے باپ کو اور سسرالیوں نے بہو کو آگ لگا کرقتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ نشاط آباد کے علاقہ مقبول ٹاؤن میں جائیداد کے تنازعہ پر بھائی سے جھگڑے کے دوران بدبخت بیٹے نے مٹی کا تیل ڈال کر باپ کو زندہ جلا دیا۔

غلام محمد آباد نمبر2 مقبول ٹاؤن کے رہائشی ملزم علی حیدر کا اپنے بھائی علی حسین کے ساتھ گھر کی تقسیم کے دوران دیوار بنانے پر جھگڑا ہوا۔والد 55سالہ محمود بیٹوں میں بیچ بچاؤ کرانے کیلئے آیا تو مشتعل بدبخت بیٹے علی حیدر نے مٹی کا تیل ڈال کر باپ کو آگ لگا دی،اسے تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال لایا گیاجہاں پر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، نشاط آباد پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

تھانہ ساہیانوالہ کے نواحی گاؤں میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو آگ لگا کر قتل کردیا، پولیس نے خاتون کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔ اہل دیہہ کے مطابق تھانہ ساہیانوالہ کے نواحی گاؤں 20ج۔ب خانکے کی رہائشی 28 سالہ نبیلہ اور اس کے خاوند طاہر کے درمیان جھگڑا ہوا۔ سسرالیوں نے جواں سالہ بہو کو آگ لگا دی۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نے خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی تاہم پولیس تھانہ ساہیانوالہ نے متوفی کی نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی اور خاتون کے شوہر کو گرفتار کر کے کا ر روائی کا آغاز کردیا۔