لاہور۔24مارچ (اے پی پی):بیگم نصرت بھٹو نے اپنے خاندان اور کارکنوں کے خون سے پیپلز پارٹی کی آبیاری کی،صدر زرداری بیگم بھٹو کی جمہوری جدوجہد کے باعث دوسری مرتبہ صدر مملکت بنے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 96 ویں سالگرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی بھٹو لیگسی فائونڈیشن کے چیئرمین بشیر ریاض تھے جبکہ صدارت ممبر فیڈرل کونسل شاہدہ جبیں نے کی۔اس موقع پربیگم نصرت بھٹو کی 96ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔سالگرہ میں پارٹی رہنما حاجی عزیز الرحمن چن،احمد جواد رانا،ڈاکٹر ضرار یوسف،غلام عباس میر،جاوید الیاس ججی بٹ، شبیر عباس میر،عارف خان،اکرم فاروقی،نصیر خان،رائے احمد حسن جندیکا،خواجہ عامر سعید،مبشر سروبا،نعمان یوسف،خاور ناہید موہل،فرحت یاسمین،یاسمین فاروق سلیم مغل،شاہد شیرازی سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بھٹو لیگسی فائونڈیشن بشیر ریاض نے کہا کہ بھٹو خاندان نے نسل در نسل پاکستان کی ترقی کیلئے کردار ادا کیا ہے، بیگم بھٹو جمہوریت کا استعارہ اور پوری دنیا کی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں،بھٹو کو پھانسی کی سزا سنائی گئی تو بیگم بھٹو نے کہا کہ ہم معافی نہیں مانگیں گے۔
ممبر فیڈرل کونسل شاہدہ جبین نے کہا کہ بیگم بھٹو نے ضیائی آمریت میں سر پر لاٹھیاں کھا کر جمہوریت کی شمع روشن رکھی،بھٹو سیاست کو ایوانوں سے نکال کر کھیتوں کھلیانوں تک لائے۔ممبر فیڈرل کونسل حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا کہ قائد عوام کیساتھ ملکر بیگم بھٹو نے جمہوری جدوجہد کی،ڈاکٹر ضرار یوسف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ٹرانسفارمئشن میں بیگم بھٹو کا کردار ہے،نصیر خان نے کہا کہ جمہوریت کا پودا آج بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد سے پھل پھول رہا ہے۔
تقریب سے کشمیری رہنماغلام عباس میر،اکرم فاروقی،رانا افتخار نے بھی مادر جمہوریت کو خراج عقیدت پیش کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575782