
اسلام آباد ۔ 17 نومبر (اے پی پی) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)، نوجوان ارکین پارلیمنٹ فورم (وائے پی ایف) اور آکسفیم انٹرنیشنل نے جمعرا ت کو بی آئی ایس پی سکرٹریٹ میں نوجوانوں کی ترقی سے متعلق مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔ وائے پی ایف کی جانب سے جنرل سیکرٹری محترمہ شزا فاطمہ خواجہ، کنٹری ڈائریکٹر آکسفیم انٹرنیشنل محمد قزلباش اور ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی جناب شاہد گل قریشی نے وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن ، رومینہ خورشید عالم اور بی آئی ایس پی ، وائے پی ایف اور آکسفیم کے حکام کی موجودگی میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔اس مفاہمتی یاداشت کے مطابق ابتدائی مرحلے میں لاہور اور کراچی میں بی آئی ایس پی کے80مستحقین یا ان کے گھرانوں کے اراکین کو پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت فراہم کی جائے گی اور پھر ملازمت کے حوالے سے انہیں مارکیٹ تک رسائی بھی مہیا کی جائے گی۔تربیت یافتہ مستحقین اور دیگر متعلقہ اداروں میں کاروبار ی کورسز میں شرکت کریں گے۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد ، تربیت یافتہ مستحقین کو اخوت فاﺅنڈیشن سے بلاسود قرضہ حاصل کرنے کیلئے بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔