اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے چیئرپرسن ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی ایک مثالی سماجی تحفظ کا پروگرام ہے جو پاکستان بھر میں تقریباً 1 کروڑ غریب گھرانوں کو خدمات فراہم کرتا ہے، بی آئی ایس پی محدود وسائل کے ساتھ ضرورت مند گھرانوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گوجرانوالہ میں جامع مسجد میاں عمر دین کے دورہ کے موقع پر کیا جہاں انہوں نے گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد اور سیالکوٹ ڈویژنوں کی نمائندگی کرنے والے بی آئی ایس پی کے سٹاف کے ایک اجتماع سے خطاب کیا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے بی آئی ایس پی کی جانب سے ضروت مند گھرانوں کو فراہم کی جانے والی نقد امداد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مالی امداد انہیں ضروری گھریلو اخراجات کو پورا کرنے، اپنے بچوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری کرنے اور انہیں خوراک فراہم میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف اور بینظیر سکالرشپس ضرورت مند گھرانوں کے بچوں کو بااختیار بنانے کے بی آئی ایس پی کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی اب ان بچوں کو تکنیکی مہارتیں فراہم کرنے پر بھرپور توجہ دے رہا ہے، اس طرح انہیں روزگار حاصل کرنے اور معاشرے کےکارآمد رکن بننے میں مدد ملے گی۔ بی آئی ایس پی کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار کو محض ملازمت کے طور پر نہیں بلکہ عبادت کے طور پر سمجھیں۔ انہوں نے خواتین کے ساتھ حسن سلوک، محبت اور وقار کے ساتھ برتائو کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ انہیں بھکاری تصور کرنا کسی گناہ سے کم نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ افراد اکثر ناخواندہ ہوتے ہیں اور بی آئی ایس پی ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ ان کی بہترین طریقے سے رہنمائی کریں۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ ’’جس شخص نے کسی دوسرے کی جان بچائی توگویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا‘‘۔ انہوں نے بی آئی ایس پی کو ایک مثالی ادارہ بنانے کے اپنے وژن کا اظہار کیا جہاں ضرورت مند افراد کا کھلے دل اور احترام کے ساتھ خیرمقدم کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر ثاقب نے زور دے کر کہا کہ خواتین کے ساتھ انتہائی عزت اور وقار کے ساتھ پیش آنا مذہبی اور اخلاقی فرض ہے۔ اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر ثاقب نے بی آئی ایس پی دفاتر کے اندر صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور خدمات کے لیے اکثر لمبی قطاروں میں انتظار کرنے والی خواتین کے لیے مناسب پناہ گاہ اور پنکھوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے بی آئی ایس پی کے ملازمین سے پروگرام کے آپریشنز اور خدمات کو بہتر بنانے کے طریقوں کے بارے میں ان کی رائے حاصل کی جس سے ادارے کی ترقی کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیا جاسکے گا۔ مزید برآں ڈاکٹر ثاقب نے بی آئی ایس پی کے ضرورت مند افراد کو وظائف کی تقسیم کے لیے مساجد کو مراکز کے طور پر استعمال کرنے کے امکانات کو روشن کیا جس سے پروگرام اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بی آئی ایس پی ملازمین کے ساتھ مسجد میں نماز بھی ادا کی۔ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کا گوجرانوالہ کا دورہ بی آئی ایس پی کی اقدار اور مشن کے تئیں ان کی لگن کی مثال ہے جس سے پورے پاکستان میں بے شمار افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں ڈاکٹر امجد ثاقب کو راشد لطیف یونیورسٹی لاہور میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا جہاں انہوں نے 500 سے زائد طلباء، فیکلٹی اور سینئر مینجمنٹ سے خطاب کیا ۔