بی آئی ایس پی میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے،وسیلہ تعلیم اور وسیلہ روزگار پروگرام جلد شروع کئے جائیں گے،چیئرپرسن سینیٹرروبینہ خالد

163

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر بی آئی ایس پی میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے،عزت نفس کو مجروح کئے بغیر ادائیگیوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے،جعل سازی کے خاتمے کے لئے وزارت آئی ٹی سے مل کر کام کر رہے ہیں،یہ پروگرام غربت کے خاتمے کےلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے،وسیلہ تعلیم اوروسیلہ روزگار پروگرام جلد شروع کئے جائیں گے،

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت95 لاکھ مستحق افراد مستفید ہو ر ہے ہیں،ہم یہ تعداد بڑھانا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں بی آئی ایس پی آفس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔چیئرپرسن روبینہ خالد نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اصلاحات لائی گئی ہیں،بی بی شہید کے ویژن کے مطابق نئے پروگرام شروع کئے جا رہے ہیں،وسیلہ تعلیم اور وسیلہ روزگار پروگرام جلد شروع کئے جائیں گے،نئے پروگرامز سے مستحقین خود کفالت کی طرف جا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی خوبی یہ ہے کہ اس میں غریب اور مستحق خواتین کی زیادہ سے زیادہ داد رسی کی گئی ہے،پروگرام کے ذریعے عورتوں کو نہ صرف ایک شناخت دی گئی بلکہ ان کو معاشی طور پر بھی مضبوط کیا گیا ہے،معاشرے میں جنکی کوئی شناخت نہیں تھی ان خواتین کو اس پروگرام سے امداد دی جا رہی ہے۔

روبینہ خالد نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر بی آئی ایس پی میں شفافیت کو یقینی بنایا جارہا ہے، عزت نفس کو مجروح کیے بغیرادائیگیوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت95 لاکھ افراد مستفید ہو ر ہے ہیں،ہم یہ تعداد بڑھانا چاہتے ہیں۔ فون پر عام شہریوں کو بی آئی ایس پی پروگرام کے حوالے سے جھوٹی اطلاع دے کر دھوکہ دینے کی شکایات کے حوالے سے جواب میں چیئر پرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد نے کہا کہ جعل سازی کو روکنے کے لیے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے مل کر اقداما ت کر رہے ہیں،

جلد جعل سازی پر قابو پا لیا جائے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگی میں ملازمین کا کوئی عمل دخل نہیں ،پہلی مرتبہ بینکنگ سیکٹر سے ادائیگی شروع کر ر ہے ہیں،پہلے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ایک بینک سے معاہدہ تھا اب دوسرے6 بینکوں کو بھی آن بورڈ لیا گیا ہے اس سے شکایات کم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ مستحقین کو ادائیگیاں پوری ہونی چاہئیں ،ادائیگیوں کے دوران کسی قسم کا ناروا سلوک ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا،پروگرام میں شکایات کا باقاعدہ ایک میکنزم مو جود ہے،عوام کو کسی قسم کی شکایت ہو تو ہیلپ لائین8171 پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔