بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کو سہ ماہی وظائف کی ادائیگی کیلئے صحیح وقت اور تاریخ سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے ملک گیر آگاہی مہم کا آغاز کر دیا

97

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خواتین کو ان کے سہ ماہی وظائف کی ادائیگی کیلئے صحیح وقت اور تاریخ سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے ملک گیر آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام وظائف کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے بی آئی ایس پی کے عزم کا ایک حصہ ہے، یہ مہم نہ صرف دھوکہ دہی کے خطرات کو کم کرے گی بلکہ بی آئی ایس پی مستحقین کو ملنے والے وظیفہ کی صحیح رقم سمیت پیسے نکالنے سے متعلق مکمل معلومات بھی فراہم کرے گی۔ابتدائی مہم کا ریڈیو پر آغاز کیا جا چکا ہے۔ ریڈیو مہم کو مستحقین میں بی آئی ایس پی کی اقساط تقسیم کرنے والے تمام 6 شراکتی بینکوں سے مشاورت کے مطابق ترتیب دیا گیا۔ یہ مہم بی آئی ایس پی کے سرکاری سوشل میڈیا اکاﺅنٹس فیس بک، ٹویٹر اور یو ٹیوب کے ذریعے بھی چلائی جائے گی۔ بی آئی ایس پی کی غیر مشروط مالی معاونت (یو سی ٹی) کیلئے رقوم کی تقسیم کے نظام میں بائیو میٹرک تصدیق کا نظام (بی وی ایس) اور بی آئی ایس پی ڈیبٹ کارڈز (بی ڈی سی) شامل ہیں۔ جغرافیائی اعتبار سے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی مستحقین کے ساتھ رابطہ کو یقینی بنانے کیلئے آگاہی مہم کو مختلف علاقائی زبانوں میں پیش کیا گیا۔ بی آئی ایس پی پیغامات میں اُردُو، گلگتی، سندھی، سرائیکی، پشتو، پنجابی، ہندکو، بلوچی اور دیگر زبانوں کو انتخاب کیا گیا ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ریڈیو مہم کے ذریعے مستحقین کے فائدے کیلئے کی جانے والے اس اقدام کو بے حد سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ نئی حکومت کے وژن کے مطابق بی آئی ایس پی مستحقین کی معاونت کیلئے اِن کو وظائف سے متعلق صحیح معلومات فراہم کرنے کیلئے اس نوعیت کے مزید اقدامات کی بھی کوشش کی جانی چاہئے۔ بی آئی ایس پی مستحقین کو ادائیگیوں سے متعلق درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ مہم اپنی نوعیت کی پہلی مہم ہے، دھوکہ باز، ٹاﺅٹ مافیا اور اس طرح کے دیگر عناصر کی ایک بڑی تعداد بی آئی ایس پی مستحقین کو دھوکہ دینے سے خوفزدہ ہے۔ بی آئی ایس پی انتظامیہ رقوم کی ادائیگی کیلئے بائیو میٹرک تصدیق کے نظام کو اپنانے کیلئے مصروف عمل ہے جو کسی بھی قسم کے دھوکہ سے بچنے کیلئے ایک جدید نظام تصور کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب مستحقین کی مدد کیلئے دھوکہ باز عناصر سے بچنے، ادائیگی کے عمل کوسمجھنے اور وظیفے کی رقم جو 5000/-روپے ہے اسے کسی ایجنٹ کو دیئے بغیر مکمل وصول کرنے کے حوالے سے ریڈیو مہم تیار کی جاچکی ہے۔ بی آئی ایس پی اس عمل کو توسیع کر رہا ہے اور مستحقین تک رسائی حاصل کرنے کیلئے مختلف طریقہ کار اپنا رہا ہے۔