23.8 C
Islamabad
پیر, جون 2, 2025
ہومقومی خبریںبی آئی ایس پی کسی بھی سیاسی وابستگی یا مذہب سے قطع...

بی آئی ایس پی کسی بھی سیاسی وابستگی یا مذہب سے قطع نظر 9.8 ملین خاندانوں کو امداد فراہم کر رہا ہے ،سینیٹر روبینہ خالد

- Advertisement -

لاہور۔31مئی (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی معاشرے کے پسماندہ طبقات کو سیاسی وابستگی یا مذہب کی تفریق سے بالا تر بااختیار بنانے اور ان کی خدمت کے لیے وقف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں بی آئی ایس پی کے سنٹرل زونل آفس میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی اس وقت 9.8 ملین سے زائد مستحق خاندانوں کو بلاامتیاز مالی امداد فراہم کر رہا ہے۔

اس پروگرام نے پاکستان کی پسماندہ خواتین کی شناخت اور وقار کو بحال کیا ہے اور ب فارم کی شرط کی بدولت بچوں کی پیدائش کے اندراج کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا وژن ہے، اس کو عملی جامہ پہنانے کا سہرا صدرمملکت آصف علی زرداری کو جاتا ہے ۔

- Advertisement -

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ بلوچستان کے لیے ایک ترقی پسند قدم کے طور پر بے نظیر نشوونما اور تعلیم وظائف پروگراموں تک رسائی کے لیے پی ایم ٹی (پراکسی مینز ٹیسٹ) سکور کی حد کو 32 سے بڑھا کر 60 کر دیا گیا ہے جس سے صوبے میں پسماندہ خاندانوں کے لیے صحت اور تعلیم کی امداد کا دائرہ کار نمایاں طور پر وسیع ہوا ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے بے نظیر ہنرمند پروگرام کے آغاز کے حوالے سےبتایا کہ بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین اور ان کے خاندان کے افراد کو پیشہ ورانہ اور مارکیٹ سے ہم آہنگ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت کے لیے چھ بڑے بینکوں کو آن بورڈ کرتے ہوئے ایک نیا بینکنگ ماڈل اپنا رہا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے یہ پروگرام مستفید ہونے والی خواتین کے لیے بائیومیٹرک تصدیق شدہ بینک اکاونٹس کھولنے کا آغاز کر رہا ہے تاکہ امداد کی شفاف اور باوقار تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے کہاکہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات کے تحت بی آئی ایس پی خدمات کی باعزت ،شفاف اور موثر فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر مجاز کٹوتیوں یا سروس لیپس سے متعلق شکایات کو دور کرنے کے لیے ایک مضبوط شکایات کے ازالے کا نظام موجود ہے۔پروگرام کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی پہچان کو اجاگر کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ کئی افریقی اور مغربی ممالک نے قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری اور بی آئی ایس پی کے جدید نظاموں سے سیکھنے کے لیے مطالعاتی دورے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی سروے کے لیے کوئی فیس نہیں لیتا اور نہ ہی کوئی سروے فارم موجود ہیں۔ تمام سرکاری پیغامات صرف 1871 کے ذریعے بھیجے جاتے ہیں۔ دوسرے نمبروں یا ذرائع سے موصول ہونے والے کسی بھی پیغام پر ہرگز یقین نہ کریں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے اس بات کی تصدیق کی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اوپن ڈور پالیسی کے تحت کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر کسی قسم کی کرپشن کی شکایت موصول ہوئی تو سخت اور فوری کارروائی کی جائے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603755

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں