اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نےکہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعہ 99 لاکھ خاندانوں کی معاونت کی جا رہی ہے جو حکومت کے سماجی تحفظ کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔
پیر کو اکنامک سروے جاری کرتے انہوں نے کہا کہ مالی سال 2024ء میں بی آئی ایس پی کا بجٹ 593 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جو مستحق اور نادار خاندانوں کی مالی معاونت کے لیے اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ بی آ ئی ایس پی کا دائرہ کار مسلسل وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ ملک کے کمزور، محروم اور پسماندہ طبقوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے، یہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ کوئی بھی پاکستانی شہری غربت کی لکیر سے نیچے نہ رہے۔