بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ،احساس سکیم سمیت دیگر منصوبوں کے فنڈز سےبچیوں کو تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے،قومی اسمبلی کے زیر اہتمام طلبہ وطالبات کے اجلاس میں مطالبہ

104

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ،احساس سکیم سمیت دیگر منصوبوں کے فنڈز سےبچیوں کو تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے،ملک کی ترقی کیلئے قوم کو پڑھی لکھی مائیں دی جائیں،جو والدیں بچیوں کو تعلیم نہ دلائیں ان کے بچوں کو بھی سکولوں میں داخلے نہ دیئے جائیں،قائد اعظم نے انگریز اور ہندو کی سازشوں کو ناکام بنا کر آزاد وطن حاصل کیا،تونشان عزم عالیشا ن کا مطلب ملکی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ اقوام عالم میں پاکستان کا لوہا منوانا بھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وطن عزیز کی 75 سالہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں قومی اسمبلی کے زیر اہتمام سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں جمعہ کو طلبہ وطالبات کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہنما سابق ایم ڈی بیت المال زمرد خان کے زیر سایہ ایس او ایس ویلج ، ملک بھر سےاور وفاقی دارالحکومت کے سرکاری وغیر سرکاری سکولوں کے بچوں نےخطاب کرتے ہوئےاپنے خیالات کا اظہار کیا۔

وفاقی سکول کی طالبہ کشف میمن نے اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نےملک کی 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا۔مجھے خوشی ہے کہ آج میں اپنے ملک کی پارلیمنٹ کے فلور پر اپنی رائے کا اظہار کر رہی ہوں۔کشف نے کہا کہ میں اپنی تجاویز میں سپیکر اسمبلی کی وساطت سے مطالبہ کرتی ہوں کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام اور احساس سکیم سمیت دیگر منصوبوں کے فنڈز سے پاکستان کی بچیوں کی تعلیم یقینی بنائی جائے۔

ملک کی ترقی کی اور مستحکم مستقبل کی ضمانت پڑھی لکھی مائیں ہیں جس کیلئے حکومت کو ٹھوس اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جو والدین اپنی بیٹی کو سکول نہ بھیجیں ان کے بیٹوں کو بھی داخلے نہ دیئے جائیں۔ایس او ایس کی وساطت سے صدیق پبلک سکول میں زیر تعلیم طالبہ سدرہ بٹ نے کہا کہ آج ایک آزاد ملک میں 75 سالہ جشن آزادی مناتے ہوئے مجھے دل خوشی ہو رہی ہے اور بطور پاکستانی میں فخر محسوس کرتی ہوں۔

بیکن ہائوس سکول کی طالبہ عائشہ اسد نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو روشن اور خوشحال بنانے کیلئے ہمیں مصمم عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔وطن کی ترقی خوشحالی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی ہوگی۔ہمیں نظم ،ضبط اور اتحاد کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی مناتے ہوئےمیں فخر محسوس کرتی ہوں۔اسلام آباد کے ایک سکول کے طالب علم محمد سالار نے کہا کہ آزاد وطن میں ہمیں اپنا دستور، قوانین اور تمام حقوق حاصل ہوئے، آزادی ایک نعمت ہے۔

ایم سی بی ایف ایٹ سکول کے طالب علم سید محمد شاہد نے کہا کہ 14 اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا،یہ قائداعظم محمد علی جناح کا ہم پر احسان ہے۔قائد نے انگریز اور ہندو کی سازشوں کا مقابلہ مردانہ وار کرتے ہوئے ہمیں آزادی جیسی نعمت سے سرفراز کیا۔ بھٹو نے اور سیاستدانوں نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنا دیا۔جری فوج نے پاکستان کے بحری بری اور فضائی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور ہم دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔75 ویں ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے میں کہوں گا ہم سب عزم عالیشان ہیں۔

جی سکس تھری کے سکول کی طالبہ ماہ نور نے کہا کہ ملک 75 برس پورے کر چکا، ہمارا عزم عالیشان دنیا میں ہماری پہچان ہے۔ہماری سپاہ اقوام عالم کی بہترین قوت ہے۔ہمارا دشمن آج بھی ہمیں توڑنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ اسلام آباد مادل کالج کی طالبہ سیماب کیانی نے کہا کہ ہر طرف انسانی ترقی نظر آرہی ہے مگر افسوس کہ پاکستان میں ابھی بھی 2 کروڑ بچے بنیادی تعلیم کے حق سے محروم ہیں۔ہر بچہ تعلیم حاصل کرکے اپنے پائوں پر کھڑا ہو تاکہ قائد کا خوب پورا ہو۔طالبہ جنت وسیم نے کہا کہ قیام پاکستان سے ہی مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں 40 فیصد لوگ تعلیم سے محروم ہیں۔

ایس او ایس کےتحت بے نظیر بھٹوشہید کیڈت کالج لاڑکانہ میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبہ فاطمہ جہانگیر نے کہا کہ انگریز کی غلامی میں یہ خطہ معاشی اقتصادی اور مذہبی بد حالی کا شکار تھا۔ہندو نت نئی شازشیں مسلمانوں کے خلاف کرتے رہتے۔قائد اعظم کا احسان ہے کہ انہوں ہمیں آزاد مملکت دی، یہ اللہ کا عظیم کرم ہے کہ آج ہم آزاد وطن میں 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔اس کےعلاوہ مخدوم حسن محمود اور زیب صادق سمیت دیگر نے بھی اسمبلی سے خطاب کیا۔