اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرشازیہ مری نے کہاہے کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین کو ادائیگی کے طریقہ کار میں تبدیلی لائی جائیگی۔منگل کوقومی اسمبلی میں مولانا عبدالاکبرچترالی کی تقریر میں بی آئی ایس پی کے حوالہ سے اٹھائے گئے نکات کی وضاحت کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہاکہ بی آئی ایس پی کے پیمنٹ ماڈل پر انہوں نے خود تشویش کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پیمنٹ کیلئے بینکوں کے ساتھ معاہدے ہیں جن پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بی آئی ایس پی کے تحت ادائیگیوں کے ماڈل کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، پہلے مرحلہ میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر بینک اکائونٹس کھولے جائیں گے،اس سے خواتین کو بااختیار بنانے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ چترال میں بی آئی ایس پی کے حوالہ سے مسائل حل کریں گے۔