کراچی۔19ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہاہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پاس معذور افراد کے بارے میں بہتر ڈیٹا بیس موجود ہے اور اس ڈیٹا بیس کے ذریعے ہم خصوصی افراد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف پروگراموں میں شامل کرتے ہوئے انہیں بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،بی آئی ایس پی اپنے سماجی تحفظ کے پروگراموں میں مختلف خصوصی افراد کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بناتا ہے،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حالیہ جاری قومی سماجی اقتصادی رجسٹریشن سروے کے ڈیسک بیسڈسروے کے دوران مختلف معذور افراد کو ڈیٹا اکٹھا کرنے کے مراکز کے دورے پر انہیں خصوصی ترجیح اور سہولیات دی گئی ،ان کیلئے ایک علیحدہ رجسٹریشن ڈیسک قائم کرکے انہیں سینٹر کے عملے کی جانب سے بہتر سہولیات مہیا کیے گئے۔پیر کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئڈا ریو اسکول فار بلائنڈ اینڈ ڈیف میں آئڈا رو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سماعت اور بینائی سے محروم افراد کی اعلیٰ تعلیم کیلئے روڈ میپ تیار کرنے کیلئے منعقدہ ایک کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی صادق علی میمن اور دیگر بھی موجود تھے ۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ آج مجھے اس سماعت اور بینائی سے محروم طلباء کی اعلیٰ تعلیم کے روڈ میپ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کرکے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور جیسا کہ ہم جانتے ہیں آج کی یہ کانفرنس بہرے پن کے شکار لوگوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کے امکانات اور طریقوں کو تلاش کرنےکیلئے منقعد کی گئی ہے۔
میں آئڈا ریو ایسوسی ایشن کو اس قسم کے شاندار اقدام اٹھانے اور متعلقہ علم اور مہارت کے حامل لوگوں کو ایک ایسے موضوع پراکٹھاکرنےجسے عام طور پر ترجیح نہیں دی جاتی ہے پر خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر انڈر گریجویٹ سکالرشپ سکیم کے تحت معذور افراد کیلئے 2 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بے نظیر کفالت پروگرام میں معذور افراد کے گھرانوں کا اندراج کرنے میں ایک بڑی رکاوٹ معذور افراد کے خصوصی شناختی کارڈ کی محدود دستیابی ہے۔