بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا پریس کانفرنس سے خطاب

172

اسلام آباد ۔ 8 جون (اے پی پی) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ حکومت دس لاکھ غریب لوگوں کیلئے راشن سکیم لا رہی ہے اور اس کیلئے شفاف طریقے سے کارڈ تقسیم کئے جائیں گے، تمام مستحق معذور افراد جو نادرا میں رجسٹرڈ ہیں انہیں انصاف کارڈ دیئے جائیں گے، وزیراعظم کی ہدایت پر معذور افراد کیلئے ملازمتوں میں دو فیصد کوٹہ پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا،کفایت شعار پروگرام کے تحت 70 لاکھ غریب خواتین کو وظائف دیئے جائیں گے، یتیموں کے لئے ایک نئی پالیسی لائی جا رہی ہے جو کہ یتیم خانوں کی حالت بہتر بنائے گی اور ضرورت کے مطابق ان کی تعداد میں اضافہ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بی آئی ایس پی شائستہ سہیل اور دیگر حکام موجود تھے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ،سال2019-20 ءکا بجٹ ایک کفایت شعار بجٹ ہے‘ شدید مالی قلت کی وجہ سے کئی اداروں نے رضاکارانہ طور پر اپنا بجٹ کم کر دیا ہے اور اکثروزارتوں نے اضافی بجٹ کا مطالبہ نہیں کیا ہے۔ایسے حالا ت میں سماجی تحفظ کے بجٹ کو تقریباً دو گنا کر دینا وزیر اعظم کا ایک اہم اور جرا¿ت مندانہ قدم ہے،یہ فلاحی ریاست کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ بجٹ کی تفصیلات بجٹ Speech میں دی جائیں گی -انہوں نے کہا کہ آج میںاحساس سے متعلق کچھ پالیسی ڈائریکشنز پر بات کرنا چاہتی ہوں۔ سماجی تحفظ کے ضمن میں تین گروپ ہیں جن کو پالیسی کور دینا ہے پہلا گروپ وہ ہے جو سالہا سال سے غربت میں گھِرا ہوا ہے ، دوسرا آفت زدہ گروپ ہے جو کسی آفت کی وجہ سے غریب ہو رہا ہے اور تیسرا گروپ ہمارے معذور بہن بھائیوں کا گروپ ہے ۔ اس بجٹ میں معذور افراد کے لیے اہم پالیسیاں یہ ہیں جن میں تمام مستحق فراد کو ویل چیئر مفت دی جائے گی،وہ مستحق افراد کو سماعت سے محروم ہیں انہیں مفت آلہ سماعت دیئے جائیں گے، بینائی سے محروم تمام مستحق افراد کو سفید چھڑی مفت مہیا کی جائے گی ،تمام مستحق معذور افراد جو نادرا میں رجسٹرڈ ہیں انہیں انصاف کارڈ دیا جائے گا تاکہ وہ اپنااور اپنے خاندان کا علاج حکومتی خرچے پر مخصوص ہسپتالوں میں مفت کروا سکیں ۔